اقراء جامعہ مسجد، مانچسٹر میں ختم قرآن پاک کی روح پرور تقریب کا انعقاد

Spread the love

رمضان المبارک کی بابرکت راتوں میں لیلتہ القدر کی عظمت کے پیش نظر، دنیا بھر میں خصوصی عبادات اور قرآن پاک کی تلاوت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع اقراء جامعہ مسجد میں ایک روح پرور محفل منعقد ہوئی، جس میں ختم قرآن پاک کی سعادت حاصل کی گئی۔


یہ بابرکت تقریب حضرت علامہ حافظ افتخار احمد سیالوی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جو اس مسجد کے خطیب اور منتظم بھی ہیں۔ انہوں نے شب و روز کی محنت سے نہ صرف تراویح کے دوران قرآن کریم کی مکمل تلاوت کا اہتمام کیا بلکہ عوام الناس کو دین کی روشنی سے منور کرنے کے لیے مختلف علمی و روحانی نشستوں کا بھی انعقاد کیا۔

ختم قرآن کی اس مبارک محفل میں بڑی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی۔ مسجد کے چیئرمین لیاقت باجوہ نے حفاظ کرام کو خصوصی تحائف سے نوازا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر حفاظ کرام، جن میں حافظ ذیشان، حافظ جابر اور حافظ علی شامل تھے، نے اپنی بہترین قرات سے سامعین کے دلوں کو منور کیا۔ اس کے علاوہ، مسجد کی خدمت میں مصروف شخصیات جیسے محمد شفیق، محمد مشتاق اور محمد اظہر کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

خصوصی دعا کی سعادت علامہ عمیر نے حاصل کی، جبکہ نمازِ تسبیح کی امامت حضرت علامہ حافظ وقاری افتخار احمد سیالوی نے کروائی۔ اس روحانی محفل کے اختتام پر تمام نمازیوں کے لیے مٹھائی اور کشمیری چائے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

اس بابرکت موقع پر مسجد کی بیسمنٹ کی تعمیر کے لیے عطیات کی اپیل بھی کی گئی، تاکہ یہ دینی مرکز مزید وسیع ہو اور زیادہ سے زیادہ افراد اس کے فیوض و برکات سے مستفید ہوسکیں۔ حضرت علامہ افتخار احمد سیالوی کی دینی خدمات اور ان کے اخلاص کو دیکھتے ہوئے مقامی برادری نے ان کی قیادت میں مزید اصلاحی اور روحانی محافل کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں