گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی سکیموں پر جاری کام کو بہتر کر دیا جائے,خالد خورشید

Spread the love

وزیر اعظم عمران خان گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔وزیر اعلی گلگت بلتستان کا اجلاس سے خطاب

گلگت(نمائندہ خصوصی) اردو گلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی سکیموں کی نظرثانی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی کہ ان سکیموں پر جاری کام کو بہتر کردیا جائے اور اس سلسلے میں درپیش رکاوٹوں اور مسائل کو فوری طور پر حل کرکے ان سکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ان سکیموں سے متعلق ٹائم لائنز کو فالو کرنے کی تلقین کی۔ اجلاس میں مختلف سکیموں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے اجلاس کے شرکاء کو ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ، صوبائی مشیر قانون، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، وفاقی سیکریٹری امور کشمیرو گلگت بلتستان، سیکریٹری پلاننگ کمیشن، ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ گلگت بلتستا ن ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں معاشی انقلاب آئے گا اور سیاحت کو بین ا لاقوامی سطح پر فروغ ملے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ پی ایس ڈی پی منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرزکی ملازمت کو ان کی کارکردگی سے مشروط کی جائے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان نے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے کئی اجلاس کی صدارت کی ہے۔ اجلاس میں 20میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ، 26میگاواٹ شغرتھنگ پاور پروجیکٹ، 16 میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ، 4میگاواٹ تھک چلاس پاور پروجیکٹ، 250بیڈ ہسپتال سکردو، 50بیڈ امراض قلب ہسپتال گلگت، پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ سکردو، ریجنل گریڈ فیز I، سیوریج اینڈ سینٹری سسٹم گلگت، گلگت نلتر ایکسپریس وے، 34.5میگاواٹ ہرپور پاور پروجیکٹ، 30 میگاواٹ غواڑی پاور پروجیکٹ، گوریکوٹ تا شغرتھنگ روڈ کی تعمیر و میٹلنگ، شاہراہ نگر کی تعمیر، گلگت شندور ایکسپریس وے کی تعمیر، 54میگاواٹ عطاء آباد پاور پروجیکٹ، داریل تانگیر ایکسپریس وے کی تعمیر، گلگت میں میڈیکل اور نرسنگ کالج کا منصوبہ، تھلیچی تا شونٹر روڈ منصوبہ سمیت دیگر اہم منصوبوں کی معیار اور رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این ایچ اے اور واپڈا کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار کو بہتر بنانے کیلئے متعلقہ اداروں سے وفاقی سطح پر رابطہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں